خبرنامہ پاکستان

پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنےکی اجازت کسی کو نہیں دینگے، سائرہ افضل

حافظ آباد(آئی این پی )وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت کسی کو نہیں دینگے۔پاکستان کی تاریخ میں جب بھی کوئی احتجاج ہوا تو بد قسمتی سے کوئی بھی احتجاج پر امن نہیں ہو سکا ،ہم کہتے تو ہیں لیکن کوئی نہ کوئی سانحہ ہو جاتا ہے ۔حافظ آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مملکت سائرہ افضل کا کہنا تھا کہ دھرنا ہو یا احتجاج کی کوئی بھی صورتحال ،حکومت کی اپنی بھی کوئی حکمت عملی ہوتی ہے کیونکہ اس میں سب سے بڑا مسئلہ امن و امان کے قیام کا ہوتا ہے اور حکومت کسی صورت بھی امن و امان کی صورتحال کو خراب نہیں کرنا چاہتی ہے۔دھرنے اور احتجاج سے عام شہری کے حقوق متاثر ہوتے ہیں ،سڑکیں ،کاروبار بند ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اب اپنا احتجاج پشاور سے شروع کرنا چاہتے ہیں انہیں پتا ہے کہ حکومت کے بغیر وہ کسی بھی شخص کو باہر نہیں نکال سکیں گے اس لئے وہ وہاں کی مقامی انتظامیہ اور پٹواریوں کو ساتھ ملائینگے۔انکا کہنا تھا کہ علامہ طاہر القادری جیسے کریکٹر ایکٹر لوگ ہیں جب بھی کوئی ایسا موقعہ ہو تو وہ آجاتے ہیں حالانکہ ان کی پارلیمنٹ میں ایک بھی سیٹ نہیں ہے۔عوام کو اب ایسے لوگوں کا پتا چل گیا ہے اور عوام نے ہرا لیکشن میں مسلم لیگ نواز کا ہی ساتھ دیا۔وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ بلاول اگر اس وقت انکا ساتھ نہیں دینگے تو وہ ختم ہو جائینگے کیونکہ عمران خان کو پتا ہے کہ انہوں نے پہلے بھی اس طرح کے دھرنے اور احتجاج کی سیاست کی اور اسکا کیا نتیجہ نکلا۔بدقسمتی سے بعض مفاد پرست لوگ پاکستان کے بجائے اپنے مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔احتجاج اور دھرنے والوں کو کم از کم اگست کا مہینہ تو چھوڑ دینا چاہیے تھا اور پوری قوم کو آزادی کی خوشیاں منانی دینی چاہیے تھی ہماری تو دردمندانہ اپیل ہے کہ قوم کو اگست کے مہینہ میں تو آزادی کی خوشیاں منانے دیں۔