خبرنامہ پاکستان

پاکستان کی جانب سے نیول امن مشقوں کی میزبانی کرنا اعزاز کی بات ہے: احمد تسنیم

اسلام آباد (ملت + اے پی پی)دفاعی تجزیہ کار وائس ایڈمرل (ر) احمد تسنیم نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے نیول امن مشقوں کی میزبانی کرنا اعزاز کی بات ہے۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان میں منعقد کی گئیں نیول “امن 17” مشقوں میں 37 ممالک کی شرکت وزیر اعظم محمد نواز شریف اور آرمی چیف کی جانب سے مشقوں کا مشاہدہ اعزاز کی بات ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان مشقوں کا مقصد سمندروں میں منشیات،انسانی اسمگلنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ ہے، ان مشقوں پر خطے کے تمام ممالک خوش ہیں جبکہ بھارت کے پیٹ میں درد پڑ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کو یہ بات سمجھ نہیں آرہی کہ جب پانی میں امن ہو جائے گا تو تجارت کو فروغ ملے گا اور اس کا فائدہ بھارت کو بھی پہنچے گا کیونکہ اس کا تجارتی حجم زیادہ ہے۔دفاعی تجزیہ کار نے کہا کہ بھارت کو فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتہا پسندی سے گریز کرنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ بھارت اس خطے پر غلبہ حاصل کرنا چاہتا ہے تاہم پاکستان کی موجودگی میں یہ ممکن نہیں ہے،نریندر مودی کی پالیسی پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے جبکہ پاکستان بھارت سمیت خطے کے تمام ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو حوالے سے انھوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان اور خطے میں خوشحالی آئے گی اور اس کے فوائد بھارت کو بھی حاصل ہونگے اس لئے اسے چاہیے کہ وہ اپنے رویے میں مثبت تبدیلی لاتے ہوئے پڑوسی ممالک سے اچھے تعلقات استوار کرے۔