خبرنامہ پاکستان

پاکستان کی سالمیت اورمسئلہ کشمیرپرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا: خورشید

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا اپوزیشن کے مطالبے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانا خوش آئند ہے۔ پاکستان کی سالمیت اور مسئلہ کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ دہشت گردی کے ایشو پر بھی کوئی دو رائے نہیں۔ پاکستان 7 دہائیوں سے کشمیریوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت نہتے کشمیریوں پر دہشت گردی کر رہا ہے۔ ہم عالمی برادری پر دباؤ ڈالتے رہتے تو آج کشمیریوں پر مظالم نہ ہوتے۔ بھارت نے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کی۔ سارک کانفرنس کے ملتوی ہونے کے بعد ہمیں اپنی کوتاہیوں کا پر غور کرنا چاہیے۔ سارک کانفرنس میں نہ آنے والے افغانستان کیلئے ہم نے اپنی معیشت برباد کر دی۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اپنے خطاب میں کہا آج ہماری خارجہ پالیسی کمزور کیوں ہے؟۔ ہم خود کو اکیلا کیوں سمجھتے ہیں۔ کبھی ہم کرکٹ ڈپلومیسی پر قربان ہو گئے تو کبھی آگرہ میں فوٹو سیشن پر۔ کمزور ڈپلومیسی کے باعث ہم تاشقند میں جیتی ہوئی بازی ہار کر آ گئے۔ کمزور ڈپلومیسی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر آج تک حل نہیں ہو سکا۔