خبرنامہ پاکستان

پاکستان کی نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد

اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ امریکا میں سیاسی تبدیلی پہلی بار نہیں آرہی یہ جمہوری عمل کا حصہ ہے اور پاکستان ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی کامیابی پر مبارک باد دیتا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نفیس ذکریا نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، سب سے افسوس ناک 16 برس کے قیصر کو زہر دیا جانا ہے جب کہ قیصر کے جنازے پر بھی بھارت نے بربریت کا مظاہرہ کیا اورہم علی گیلانی، یاسین ملک اور عمر فاروق کی ملاقات کی حمایت کرتے ہیں۔ دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے لیئے جدوجہد کر رہے ہیں، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں ہی سے ممکن ہے، مسئلہ کشمیر برطانوی نو آبادیاتی حکمرانی کی باقیات ہے جب کہ برطانوی وزیر اعظم کے دورہ بھارت میں مقبوضہ کشمیرکا ذکر نہ کرنے پر احتجاج کیا، مقبوضہ کشمیر پربیانات کا مقصد بین القوامی برادری کی توجہ مبذول کروانا ہے۔ امریکا میں صدارتی انتخابات کے حوالے سے کہنا تھا کہ امریکی صدارتی انتخابات کو دنیا بھرمیں دیکھا گیا، امریکا میں سیاسی تبدیلی پہلی مرتبہ نہیں آرہی یہ جمہوری عمل کا حصہ ہےاور امریکی صدر ٹرمپ نے پاک بھارت ثالثی کرانے کا عندیہ دیا تھا جب کہ پاکستان اورامریکا کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں سے ہیں۔ پاکستان ڈونلڈ ٹرمپ کو اقتدار سنبھالنے پر مبارکباد دیتا ہے۔ بھارتی سفارتی اہلکاروں کے حوالے سے دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایجنٹس کے روپ میں بھارتی سفارتی اہلکاروں میں سے6 جا چکے ہیں اور بھارت ، پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کو سپانسر کرتا ہے، گزشتہ ماہ افغانستان میں حقانی نیٹ ورک کے آٹھ افراد کو ہلاک کیا گیا جب کہ واقعہ سے ظاہر ہے کہ حقانی نیٹ ورک اب کہاں موجود ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سمجھوتہ ایکسپریس کا سانحہ ممبئی حملے سے پہلے کا ہے، بھارت نے سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کی کوئی معلومات شئیر نہیں کی، بھارت میں کرپشن، انڈ رورلڈ اورجعلی کرنسی کی گردش کی رپورٹس دیکھی ہیں، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے لیے مالی وسائل استعمال کررہا ہے، بلوچستان کے معاملے پر کل بھوشن کا اعترافی بیان موجود ہے جب کہ پاکستان میں بھارتی مداخلت کا ڈوزئیروقت آنے پر پیش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کی حالت باعث تشویش ہے، بھارت میں جعلی مقابلوں میں عوام کو ماراجاتا ہے اور 2009 میں دریافت ہونے والی اجتماعی قبریں واضح ثبوت ہیں.