خبرنامہ پاکستان

پاکستان کی کل آبادی 20 کروڑ 77لاکھ تک پہنچ گئی

اسلام آباد(ملت آن لائن)مردم شماری کے ابتدائی نتائج کے مطابق پاکستان کی کل آبادی 20 کروڑ 77لاکھ تک پہنچ گئی جس میں مردوں کی تعداد 10کروڑ 64لاکھ 50ہزار اور خواتین کی آبادی 10کروڑ 13لاکھ 15ہزار ہے۔

مشترکہ مفادات کونسل اجلاس میں پیش کی گئی مردم شماری 2017 کی تفصیلات سامنے آگئیں، ابتدائی نتائج کے مطابق پاکستان کی کل آبادی 20 کروڑ 77لاکھ تک پہنچ گئی جس میں مردوں کی تعداد 10کروڑ 64لاکھ 50ہزار اور خواتین کی آبادی 10کروڑ 13لاکھ 15ہزار ہے جب کہ کل آبادی میں ٹرانسجینڈر کی تعداد 10ہزار 418 ہے، ابتدائی نتائج کے مطابق 1998 سے 2017 تک گروتھ 2.4 فیصد رہا۔

مردم شماری 2017 نتائج کی ابتدائی سمری کے مطابق پنجاب کی آبادی 11کروڑ، خیبر پختونخواہ 3 کروڑ 5 لاکھ، بلوچستان کی 1 کروڑ 23 لاکھ جبکہ سندھ کی 4 کروڑ 78 لاکھ آبادی ہے، فاٹا کی آبادی 50 لاکھ افراد اور وفاقی دارالحکومت کی آبادی 20 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے تاہم آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کی مردم شماری کے نتائج سمری میں شامل نہیں ہیں۔