خبرنامہ پاکستان

پاکستان کے اقتصادی اشاریئے مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں،وزارت خزانہ

اسلام آباد ۔(اے پی پی) پاکستان کے اقتصادی اشاریئے استحکام کے بعد مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں، مہنگائی میں کمی اور پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ملک میں اشیائے ضروریہ کے ساتھ ساتھ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال کو بھی اطمینان بخش قرار دیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا فروری 2015-16ء کے دوران افراط زر کی اوسط شرح 2.48 فیصد ریکارڈ کی گئی، مہنگائی کی کم شرح برقرار رہنے کا امکان ہے جس کی وجہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اس کے ثمرات عام لوگوں تک منتقل کرنے کے علاوہ زرعی پیداوار میں استحکام بھی ہے۔ ملک میں اہم اشیاء کے دستیاب ذخائر کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔ اس وقت ملک میں گندم کے 51 لاکھ ٹن کے ذخائر موجود ہیں جو گزشتہ سال 54 لاکھ ٹن تھے۔ اسی طرح چینی کے 29 لاکھ ٹن ذخائر دستیاب ہیں جو گزشتہ سال 25 لاکھ ٹن تھے۔ پٹرولیم مصنوعات کا دستیاب اوسط ذخیرہ 12 دنوں کیلئے کافی ہے جو گزشتہ سال 11 دنوں کیلئے تھے۔ لارج سکیل مینو فیکچرنگ میں جولائی تا دسمبر 2015ء کے دوران شرح نمو 3.9 فیصد ریکارڈ کی گئی جو اس سے پچھلے سال کے اسی عرصہ میں 2.7 فیصد تھی۔ قومی معیشت میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے شعبوں میں آٹوموبائلز (32 فیصد)، فرٹیلائزر (15 فیصد)، کیمیکلز (11.6 فیصد)، ربڑ مصنوعات (9.8 فیصد)، فارما سیوٹیکلز (6.8 فیصد)، پٹرولیم مصنوعات (6.8 فیصد)، غیر دھاتی معدنی مصنوعات (6.7 فیصد)، چمڑے کی مصنوعات (1.2 فیصد) اور ٹیکسٹائلز (ایک فیصد) شامل ہیں۔ جنوری 2016ء کے دوران بجلی کی پیداوار گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران گیس سپلائی بھی 1.5 فیصد زیادہ رہی۔ جولائی تا جنوری 2015-16ء کے دوران قومی محصولات میں 18.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی تا جنوری 2015-16ء کے دوران ملکی درآمدات میں 6.8 فیصد جبکہ برآمدات میں 11.4 فیصد کمی آئی ہے تاہم اس عرصہ میں تجارتی توازن میں ایک فیصد بہتری آئی ہے۔ اسی طرح ملک کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 4 مارچ 2016ء کو 20.52 ارب ڈالر ریکارڈ کئے گئے۔ مجموعی ذخائر میں سے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 15.66 ارب ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 4.86 ارب ڈالر کے ذخائر ہیں۔ فروری 2014 میں سٹیٹ بنک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 2.8 ارب ڈالر تک رہ گئے تھے جس کے بعد ان میں مسلسل اضافہ ہوا ہے جو 15.66 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ گزشتہ دو سالوں میں سٹیٹ بنک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 12.9 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ جولائی تا جنوری 2015-16ء کے دوران ترسیلات زر میں 6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو رواں سال کے لئے مقررہ ہدف کے مطابق ہے۔ اس عرصہ کے دوران ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 4.6 فیصد اضافہ ہوا ۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاس ہے۔