خبرنامہ پاکستان

پاکستان کے بنگلہ دیش کےساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، صدر

اسلام آباد (آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان کے بنگلہ دیش کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں پاکستان کے بنگلہ دیش میں نامزد ہونے والے سفیر رفیع الزماں صدیقی سے گفتگو کے دوران کہی۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر پر زور دیا کہ بنگلہ دیش سے تعلقات مزید بہتر کرنے کے لیے روایتی سفارتکاری سے ہٹ کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھنا ہو گا جو آنے والے وقت کے لیے بہت ضروری ہے اس سلسلے میں پارلیمانی اور عوامی رابطوں کو فروغ دینا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ باہمی تعلقات میں اضافہ ہواور دونوں ممالک کی عوام آپس میں قریب آسکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی سفارتکاروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کریں۔ پاکستان میں آپریشن ضرب عضب اور پورے پاکستان میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن کی وجہ سے امن وامان کی صورت حال میں بہتری آئی ہے۔ صدر مملکت نے کہا ہے کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانے کے لیے سفارتکاروں کے ساتھ ساتھ منتخب نمائندوں کی بھی کمیٹی بنا دی ہے جو مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کریں گے۔ پاکستان کشمیر کی خود ارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی سیکورٹی فورسز کی مذموم کاروائیوں کی پر زور مزمت کر تا ہے۔ صدر مملکت نے امید کا اظہا رکیا کہ بنگلہ دیش میں تعینات ہونے والے سفیر کی موجودگی میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ پاکستان کا دنیا میں امیج بہتر بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گی۔