خبرنامہ پاکستان

پاکستان ہمسایہ ملک کی مدد سے ہونے والی دہشت گردی کا شکار ہے، ملیحہ لودھی

نیویارک (ملت + آئی این پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہاہے کہ پاکستان بیرون ملک سے ملنے والی معاونت سے ہونے والی دہشت گری سے متاثر ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دہشت گردی پرہونے والے مباحثے میں خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہاکہ طاقت کا غیرقانونی استعمال، بیرونی جارحیت اور غیرملکی قبضے دہشت گردی کو بڑھا رہا اور پاکستان بھی غیرملکی معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پڑوسیوں نے سارک کو بھی یرغمال بنارکھا ہے تاہم پاکستان گزشتہ 4 سال سے دہشت گردی کے خلاف کامیاب حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردی کا صفایا کیا جارہا ہے۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے دیرینہ تنازعات کا حل اور انسدادی مہم کے باوجود دہشت گردی کے خطرات بڑھنے کی وجوہات کا تعین انتہائی ضروری ہے تاہم دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی مہم کو اسلام سے منسلک نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے علاقائی اور عالمی تعاون ناگزیر ہے۔