خبرنامہ پاکستان

پاکستان 2030 ء تک معاشی اعتبار سے بالائی متوسط ملکوں میں شامل ہوگا: سرتاج عزیز

اسلام آباد: (اے پی پی) خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی ترقی اور اصلاحات کے عمل کی بدولت 2030ء تک معاشی اعتبار سے بالائی متوسط کلاس والے ملکوں میں شامل ہوجائیگا۔ ایشیا دنیا کا سب سے فعال خطہ ہے، ترقی کا سفر جاری رکھا تو 21 ویں صدی ایشیا کی ہے۔ گزشتہ تین دہائیوں سے ایشیا تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق سرتاج عزیز نے جمعہ کے روز بنکاک میں ایشیا کوآپریشن ڈائیلاگ ’’اے سی ڈی‘‘ کے چودہویں وزارتی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین، جنوبی ایشیا اور مغربی ایشیا کے ساتھ کاسا 1000، تاپی، ایران – پاکستان گیس پائپ لائن اور پاک چین اقتصادی راہداری جیسے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ گزشتہ سال عالمی معیشت کی شرح نمو 3.1 فیصد تھی جبکہ ایشیا کی شرح نمو 5.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ یہی شرح نمو رواں سال بھی متوقع ہے اور آئندہ سالوں میں ایشیا کی معیشت عالمی معیشت پر سبقت لے جائیگی تاہم ہمیں بعض سکیورٹی اور سیاسی چیلنجوں کا بھی سامنا ہے۔ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے اور ان چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے قریبی تعاون کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کیلئے اے سی ڈی بہترین فورم ہے۔