خبرنامہ پاکستان

پاکستا ن کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول تک حمایت جاری رکھے گا،ملیحہ لودھی

پاکستا ن کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول تک حمایت جاری رکھے گا،ملیحہ لودھی

نیویارک (ملت آن لائن) اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول تک حمایت جاری رکھے گا اور ان کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا اور اقوام متحدہ میں کشمیر کا مسئلہ اب بھی زندہ ہے ، انہوں نے یہ بات نیویارک میں کشمیریوں اور پاکستانیوں کے ایک اجتماع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ پا کستان قونصلیٹ کے زیراہتمام یوم یک جہتی کشمیر کے حوالہ سے منعقدہ اس تقریب کی صدارت اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کا سفارتی مشن کئی عشروں سے زیر التوا کشمیریوں کے حق خودا ردیت کی قراداد پر عمل درآمد کروانے کے لئے بھرپور پر کوشاں ہے اور یہ مسئلہ اقوام متحدہ میں اس وقت بھی زندہ ہے اور مسئلہ کے حل تک اقوام متحدہ میں زندہ رہے گا تاہم تمام پاکستانیوں کو پاکستانی حکومت اور اس کے سفارتی مشنز کا کشمیر کی بگڑی صورتحال سے دنیا بھر کو آگاہ کرنے میں ساتھ دینا چاہیئے اور نوجوان نسل کو بھی اس مسئلہ کے بارے میں بتایا جائے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خا قان عباسی نے ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کے بارے میں پاکستان کے موقف کو بھرپور اور زور دار طریقے سے بیان کیا اور بعد میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے سامنے بھی یہ مسئلہ اٹھایا تھا ۔ وزیر اعظم نے گوٹیرس پر زور دیا کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں کیونکہ یہ تنازعہ علاقائی اور بین الاقوامی امن کے لئے خطرہ ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ ا نہوں نے اقوام متحدہ کے تمام فورموں پر مسئلہ کشمیر ،خاص طور پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا اور حتی کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹو نیو گوئیٹیرس سے بھی اس بارے میں بات کی ۔ انہوں نے کہا کہ 193 رکنی جنرل اسمبلی نے بھی کشمیریوں کے حق خودارادیت بارے پاکستان کی پیش کردہ قرارداد منظور کی اور اس قرارداد میں 70 ممالک نے پاکستان کا ساتھ دیا سفیر لودھی نے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ نے کشمیر میں جنگ بندی کی بھارتی خلاف ور زیوں اور معصوم کشمیریوں کی ہلاکتوں کے بارے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھا اور کشمیر کے تنازعے کو حل کرنے کیلئے ایک خصوصی سفارتی نمائندہ مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔سفیر نے اعلان کیا کہ جب تک کشمیر بھارتی قبضے سے آزاد نہیں ہو تااس وقت تک کشمیری عوام کیلئے ہماری اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد جاری ر ہے گی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کشمیر بارے پاکستان کے عزم اور کشمیر کے تنازعے کو حل کرنے کیلئے سفیر ملیحہ لودھی کی کوششوں کو سراہا ۔ قبل ازیں قونصل جنرل راجہ علی اعجاز نے خطاب ہوئے پاکستانی کمیونٹی اور حاضرین پر زور دیا کہ وہ امریکی سیاست دانوں، قانون سازوں اور عام شہریوں سے رابطے کریں اور انہیں کشمیر کی صورت حال اور بھارتی مظالم کے بارے میں بتائیں اس سلسلے میں، انہوں نے خاص طور پر کمیونٹی کے ممبران کو اپنے ان بچوں کو اس اگاہی مہم میں شامل کرنے پر زور دیا جو امریکہ میں جوان ہو رہے ہیں ۔ تقریب کے دوران قونصل خانے کے سینیئر حکام عرفان وحید اور حنیف چنا نے صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے پیغامات پڑھ کر سنائے ۔ تقریب سے جن دیگر مقررین نے خطاب کیا ان میں آزاد جموں و کشمیر کونسل کے سابق رکن سردارسرورخان ، پی ایم ایل ( این ) امریکہ کے صدر روحیل ڈار ، شفقت تنویر اور کشمیری سرکرہ رہنماؤں ڈاکٹر آصف رحمن ، سرادر امتیاز گڑالوی ، تاج خان ، نعیم گلگتی ، محترمہ سیمی ، ذیشان حامد اور خواجہ فاروق شامل تھے ۔