خبرنامہ پاکستان

پاک افغان بڑھتی کشیدگی بھارتی سازش ہے: سراج الحق

اسلام آباد : (اے پی پی) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان برادر اسلامی ممالک ہیں، دونوں ممالک تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی بھارتی سازش ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو مل بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالنا چاہیے، پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کی مدد کی ہے۔ 25سے 30لاکھ افغان مہاجرین پاکستان میں قیام پذیر ہیں اور پاکستان گزشتہ تیس سالوں سے اکی مہمان نوازی اور میزبانی کر رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احتساب ایک فرد کا نہیں بلکہ بلا تفریق سب کا ہونا چاہیے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کو کامیاب بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، صوبائی حکومت نے خواجہ سراؤں کے لئے بجٹ میں فنڈز مختص کر کے مثال قائم کی ہے جس کی دوسرے صوبوں کو بھی تقلید کرنی چاہیے۔