اسلام آباد: افغانستان میں ہفتے کو ہونے والے عام انتخابات کے پیش نظر پاک افغان سرحد بند کردی گئی ہے۔ گزشتہ روز افغان صوبے قندھار میں دہشت گرد حملے میں قندھار کے پولیس چیف جاں بحق ہوگئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ طور خم اور چمن سرحد افغانستان کی درخواست پر 2 روز کے لیے بند کی گئی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق فیصلہ افغانستان میں پرامن انتخابات کی حمایت میں کیا گیا ہے۔
دوسری جانب افغان الیکشن کمیشن نے افغان شہر قندھار میں انتخاب ملتوی کرنے کی تجویز دی ہے۔ الیکشن کمیشن نے تجویز گزشتہ روز قندھار میں حملے کے پیش نظر دی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز قندھار کے گورنر ہاؤس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس میں جنرل مومن اور قندھار پولیس چیف جنرل عبدالرزاق جاں بحق ہوگئے۔
حملے میں گورنر قندھارزلمائے شدید زخمی ہوگئے تھے اور ایسے میں ان کی موت کی متضاد اطلاعات بھی پھیل گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں افغان ریسولوٹ مشن کے سربراہ جنرل اسکاٹ ملر کو نشانہ بنایا گیا تھا تاہم وہ محفوظ رہے، جنرل ملر کو گورنر ہاؤس قندھار سے بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ حملے میں 2 امریکی سپاہی زخمی ہوئے۔
گورنر کمپاؤنڈ میں کیے جانے والے حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے۔