خبرنامہ پاکستان

پاک افواج کو جدید بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی:صدرممنون حسین

اسلام آباد :(اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق پاک افواج کو جدید بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتی، اتحاد اور یک جہتی کی طاقت سے ہم اپنے تمام مسائل پر کامیابی سے قابو پا سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی یوم پاکستان پریڈ میں حصہ لینے والوں میں تقسیم انعامات اور مسلح افواج کے بڑے کھانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر ممنون حسین نے یوم پاکستان کی شاندار پریڈ کے انعقاد پر اس کے شرکاء کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جذبوں اور ولولوں پر انہیں اور پوری قوم کو فخر ہے، ہماری تینوں افواج نے جس شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا، اس سے قوم کے جذبے کو جلا ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریڈ کے دوران ان کا بڑھتا ہوا ہر قدم پاکستان کے دشمنوں کے دلوں پر دھاک بٹھاتا چلاگیا اور افواج پاکستان پر قوم کے اعتماد کی تجدید بھی ہوئی کہ وہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے لیس ہو کر دفاع وطن کے لئے ہر لمحہ سینہ سپر ہیں۔ صدرمملکت نے کہا کہ 23 مارچ کی پریڈ نے قوم کے اسی جذبے کو یقیناً تازہ کیا ہے جس کی طاقت سے ہمارے بزرگ آزاد وطن کے حصول میں کامیاب ہوئے تھے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ مسلح افواج کی شاندار پریڈ نے پاکستان کے وقار اور تشخص کوعالمی سطح پر بھی اجا گر کیا ہے۔ اس موقع پر ہمارے جری جوانوں کے جوش و جذبے، ان کی پیشہ ورانہ تربیت کے مظاہرے اور ہمارے جدید، مؤثر اسلحے کی چمک دمک اور ہمارے طیاروں کی گھن گرج نے دشمن کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ یہ قوم ناقابلِ شکست ہے اور دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتی۔ انہوں نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ جے ایف 17 تھنڈر، برق اور براق طیارے ہماری دفاعی خود انحصاری کا منہ بولتا ثبوت ہیں، کامیابی کا یہ سفر مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ صدر نے کہا کہ افواج پاکستان نے جس طرح دہشت گردی سمیت مختلف مواقع پر ملک و قوم کی خدمت کی، وہ قا بل تعریف ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قوم مسلح افواج کو مزید مضبوط اور جدید خطوط پر استوار دیکھنا چاہتی ہے۔ اس لئے ہم واضح کرتے ہیں کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق پاک افواج کو جدید بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی کیونکہ دہشت گردی ، اندرونی و بیرونی سازشوں اور خطے کی صورتِ حال کے پیش نظر ہماری دفاعی قوت ہی ہمیں مشکلات اور خطرات سے محفوظ بنا سکتی ہے۔ انہوں نے آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ میں شامل افواج پاکستان کے دلیر افسروں اورجوانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو تباہ کرنے کے لئے جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے بہادر افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کی بدولت ہی آج پاکستان پہلے سے زیادہ محفوظ ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہم دہشت گردی کے عفریت سے بہت جلد نجات حاصل کر لیں گے۔ اسی طرح میں چاہتا ہوں کہ پاکستانی قوم بھی جمہوری روایات پر عمل پیرا ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں شریک ہو جائے۔ ہم اسی طرح یک جان ہو کر ملک کے استحکام اور خوش حالی کے لئے جدوجہد کریں گے تو کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن کی بہادر افواج، وطن عزیز کے دفاع اور تحفظ کی ذمہ دار ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ وطن عزیز پر جب بھی کوئی نازک وقت آیا، افواج پاکستان کے جانبازوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ذمہ داری انجام دی۔ صدر نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناح کے ایک قول کا ذکر کیا جس میں انہوں نے فرمایا تھا کہ پاکستانی قوم اتحاد اور یک جہتی کی طاقت سے اپنے تمام مسائل پر قابو پا سکتی ہے اور عظیم اسلامی روایات پر عمل کر کے پاکستان کے عزت و وقار کو چار چاند لگا سکتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ ہم اپنا طرزِ عمل اپنے عظیم قائد کے ان افکار کے مطابق ڈھال لیں تو اس کے نتیجے میں ہمارے مسائل بھی حل ہو سکتے ہیں اور ہم قوموں کی برادری میں سراٹھا کر چل بھی سکتے ہیں۔ قبل ازیں صدر مملکت نے مختلف شعبہ جات میں پریڈ میں حصہ لینے والوں میں شیلڈز تقسیم کیں اور ان کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔