خبرنامہ پاکستان

پاک امریکہ اسٹریٹجک تعلقات مضبوط بنانے کا اہم موقع ہے،امریکی سفیر

اسلام آباد ۔(اے پی پی) پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈہیلے نے کہا ہے کہ پاک امریکہ اسٹریٹجک تعلقات دوطرفہ طور پر مضبوط بنانے کا اہم موقع ہے۔ گزشتہ روز پاکستان ٹیلی وژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم، وسیع اور پائیدار بنا کر استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ امریکی سفیر نے کہا کہ گزشتہ چند سال سے پاکستان درست سمت پر گامزن ہے، جمہوریت کی بحالی، دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ اور معاشی اصلاحات پاکستان کو ایک بہتر ملک بنا رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکسانیوں کے لئے توانائی، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی پر کام کررہا ہے۔ اس کے علاوہ امریکہ میں ایک ایسی حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے جس کے تحت کانگریس اور دیگر امریکیوں کو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں اوردہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک دوسرے کے مضبوط شراکتدار بھی ہیں۔ امریکہ میں مقیم مسلمانوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں امریکی سفیر کا کہا تھا کہ امریکی صدر بارک اوباما نے حال ہی میں بالٹی مور کی ایک مسجد کا دورہ کیا ہے جس میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ امریکی معاشرے میں مسلمان کمیونٹی کا ایک اہم کردار رہا ہے اور مسلمان امریکہ کی تعمیروترقی میں اپنا مثبت کردار کررہے ہیں۔ مسلمان کمیونٹی یہاں بطور ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلاء پولیس اور دیگر اہم محکموں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور کارآمد شہری کے طور پر امریکہ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں ڈیوڈہیلے نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ امریکہ کی آنے والی حکومت بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت کے مابین شروع ہونے والے مذاکراتی عمل کا خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ ان دونوں ملکوں کے بہتر تعلقات خطے کے لئے ضروری ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایف سولہ طیاروں کی مدد سے دہشت گردوں کو ٹھیک طرح سے نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔