خبرنامہ پاکستان

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ،باہمی اجلاس رواں ماہ متوقع

اسلام آباد:(اے پی پی) پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر پیشرفت کے لئے دونوں ملکوں کا باہمی اجلاس رواں ماہ متوقع ہے، وزارت پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمت پر ایران سے دوبارہ بات کی جائے گی۔ وزارت پیٹرولیم و قدرتی وسائل کے مطابق امریکی پابندیوں کے باعث پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پرعمل درآمد نہ ہوسکا، تاہم پابندیوں کے خاتمے کے بعد پاکستان منصوبے پر عمل درآمد کے لئے سنجیدہ ہے۔ رواں ماہ پاکستان اور ایران کے درمیان بیسویں مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس میں پائپ لائن منصوبے پر مزید پیشرفت کا امکان ہے، ایران سے گیس کی قیمت پر دوبارہ بات چیت بھی متوقع ہے۔ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے تحت ایران نے اپنے حصے کی 900 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھا دی ہے، تاہم پاکستان ابھی تک اپنے حصے کی 785 کلومیٹر پائپ لائن نہ بچھا سکا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان نے معاہدے پر عمل درآمد نہ کیا تو اسے جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔