خبرنامہ پاکستان

پاک بھارت وزرائے اعظم کے درمیان آئندہ ماہ واشنگٹن میں ملاقات ہونے کا امکان

واشنگٹن(آئی این پی )وزیراعظم نوازشریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان واشنگٹن میں آئندہ ماہ ملاقات کا امکان ہے ،امریکی صدر براک اوباما نے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کو نیوکلےئر سمٹ میں شرکت کی دعوت دی تھی جو قبول کرلی گئی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سینئر سفارتی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں لیکن چونکہ دونوں ممالک میں مذاکرات کی تاریخ سب جانتے ہیں اس لیے جب تک یہ منعقد نہ ہوجائیں، امریکا میں ہونے والی ملاقات کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔واضح رہے کہ امریکی صدر براک اوباما نے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو واشنگٹن میں31 مارچ سے یکم اپریل تک ہونے والے ‘نیوکلئیر سمٹ’ میں شرکت کی دعوت دی تھی جسے دونوں وزرائے اعظم نے قبول کرلیا۔خیال رہے کہ امریکی صدر براک اوباما کی جانب سے 2010 میں آغاز کیے جانے والے جوہری سمٹ میں پہلی بار دونوں ممالک کے وزرائے اعظم ایک ساتھ شریک ہوں گے۔سمٹ کا ایک مخصوص ایجنڈا ہے، یعنی جوہری ہتھیاروں کو دہشت گردوں کی پہنچ سے دور رکھنا اور اس حوالے سے دنیا بھر کی قیادت مختلف تجاویز پر بحث میں شرکت کے لیے واشنگٹن میں جمع ہوگی۔ اس حوالے سے پہلا سمٹ واشنگٹن میں 12 سے 13 اپریل 2010 میں منعقد ہوا تھا۔ دوسرا سمٹ جنوبی کوریا میں 2012 اور تیسرے سمٹ کا انعقاد ہیگ میں 2014 میں کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ رواں سال براک اوباما کا امریکی صدر کے طور پر آخری سال ہے، اس لیے اوباما انتظامیہ چوتھے سمٹ میں واضح نتائج حاصل کرنا چاہتی ہے۔