خبرنامہ پاکستان

پاک سر زمین پارٹی:‌ الیکشن کمیشن کا فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) الیکشن کمیشن نے پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے قومی پرچم کو بطور پارٹی پرچم استعمال کرنے اور ترانے کے الفاظ پر جماعت کا نام رکھنے کے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ،28 فروری کو فیصلہ سنایاجائے گا۔جمعرات کوچیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں 5 رکنی الیکشن کمیشن نے پاک سرزمین پارٹی کے خلاف دائر دودرخواستوں کی سماعت کی۔دوران سماعت ریمارکس دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پی ایس پی کے جلسوں میں پاکستانی جھنڈے لہرانے سے ایسا تاثر ملتا ہے کہ کسی کی پشت پناہی حاصل ہے۔درخواست گزارساجد کیانی نے الیکشن کمیشن کے سامنے موقف اپنایا کہ پاک سرزمین پارٹی کے جلسوں میں قومی پرچم کی بے حرمتی کی جاتی ہے،پاک سرزمین پارٹی کے پارٹی نشان میں شامل پرچم میں چاندستارہ موجود نہیں ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپ کے جلسوں میں ہی قومی پرچم کیوں لہرایا جاتا ہے،قومی جھنڈے سے ایسا تاثر ملتا ہے کہ آپ کو کسی کی پشت پناہی حاصل ہے۔دوسری درخواست میں ارشد قصوری نے موقف اپنایا کہ پاک سرزمین پارٹی کو قومی ترانے کے الفاظ پر مشتمل نام رکھنے سے روکا جائے۔الیکشن کمیشن نے دونوں درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جو 28 فروری کو سنایا جائے گا۔