خبرنامہ پاکستان

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ اہمیت کا حامل ہے

اسلام آباد (ملت + آئی این پی )پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ ملاقات میں پاک چین دوستی خطے کی صورتحال بالخصوص پاک چین اقتصادی راہداری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کو ہونے والی ملاقات میں چینی سفیر سے عمران خان نے کہا کہ چین پاکستان کا قریبی اور قابل اعتماد دوست ہے اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے ۔ اقتصادی راہداری منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور خیبرپختونخوا حکومت منصوبے کی تکمیل کے لئے بھرپور تعاون کرے گی ۔ ملاقات میں چینی سفیر نے عمران خان کو راہداری منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ چین کی ایک خواہش اور کوشش ہے کہ یہ عظیم منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو جس سے خطے میں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا ۔ پاکستان اور پاکستانی عوام کو فوائد حاصل ہوں اور ہزاروں لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے ۔ سن وی ڈونگ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ایک سڑک ایک خطہ ویژن کا ایک اہم حصہ ہے جس کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے ترقی کا ایک نیا سفر شروع ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان کے تمام صوبے مستفید ہوں گے،گوادر کو جانے والے مغربی شاہراہ بھی اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ ہے۔سی پیک منصوبہ نہ صرف چین او ر پاکستان بلکہ خطے کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔ملاقات میں عمران خان نے چین کی جانب سے عالمی سطح پر مختلف امور میں پاکستان کی حمایت کرنے کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے راہداری منصوبہ اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مضبوط کرنے پر چین سفیر کی کاوشوں کو سراہا۔ ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔