خبرنامہ پاکستان

پاک چین اقتصادی راہداری نے سی پیک کی سیکیورٹی انتظامات کی تفصیلات طلب

اسلام آباد(ملت +آئی این پی)پارلیمانی کمیٹی برائے پاک چین اقتصادی راہداری نے سی پیک کی سیکیورٹی کے مکمل انتظامات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں،پاکستان کی طرف سے خطے کی مخصوص حالات کے پیش نظر پاک چین اقتصادی راہدری کی حفاظت کیلئے غیرمعمولی اقدامات کیے گئے ہیں،اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن کے حکام کو حفاظتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ کی ہدایت کردی گئی ہے۔کمیٹی کااجلاس چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کی صدارت میں 20فروری کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا،گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ و گورنر کو خصوصی دعوت پر کمیٹی کے اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔ایجنڈے کے مطابق سی پیک کی حفاظت کیلئے سیکیورٹی پراجیکٹ اور سیکیورٹی دستوں پر بریفنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔اس ضمن میں سپیشل سیکیورٹی ڈویژن کے اعلیٰ حکام اجلاس میں شریک ہوں گے،گوادر کی بندرگاہ کی سیکیورٹی کے سلسلے میں میری ٹائم سیکیورٹی فورس کی ذمہ داریوں کے بارے میں بھی پارلیمانی کمیٹی برائے اقتصادی راہداری کو بریفنگ کی ہدایت کردی گئی ہے،اس فورس کے اعلیٰ حکام کو اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان کی طرف سے خطے کی مخصوص حالات کے پیش نظر پاک چین اقتصادی راہدری کی حفاظت کیلئے غیرمعمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔