خبرنامہ پاکستان

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کااجلاس سیکرٹری دفاع ضمیر الحسن شاہ کی عدم موجودگی کی وجہ سے ملتوی

اسلام آباد ۔ 09 نومبر (ملت + اے پی پی) قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کااجلاس سیکرٹری دفاع ضمیر الحسن شاہ کی عدم موجودگی کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا۔ بدھ کو اجلاس پی اے سی کے چیئرمین سید خورشید احمد شاہ کی زیرصدارت منعقدہوا جس میں کمیٹی کے ارکان جنید انوار چوہدری ، شاہد اختر علی، عاشق حسین گوپال ، شیخ روحیل اصغر ، شیخ رشید احمد اور میاں عبدالمنان سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے افسرا ن نے شرکت کی۔ پی اے سی سیکرٹریٹ کی جانب سے بتایاگیاکہ وزارت دفاع نے آج صبح ہی اطلاع دی ہے کہ سیکرٹری دفاع نہیں آئیں گے۔ ایڈیشنل سیکرٹری دفاع نے بتایاکہ سیکرٹری دفاع اپنے والد کی وفات کی وجہ سے نہیں آسکتے ۔ ان کے والد کی وفات 28اکتوبر کوہوئی تھی ۔ پی اے سی کے چیئرمین سید خورشیداحمد شاہ نے کہا کہ سیکرٹری دفاع اگر چاہتے ہیں تو ہم پی اے سی کااجلاس ان کیمرارکھ لیتے ہیں ۔ سید خورشید احمدشاہ نے پی اے سی کااجلاس سیکرٹری دفاع کی عدم موجودگی کی وجہ سے ملتوی کردیا۔