خبرنامہ پاکستان

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (ملت + اے پی پی) قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے قائم خصوصی کمیٹی نے وزارت داخلہ کے زیر التواء آڈٹ اعتراضات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ان فیصلوں کو تین ماہ میں نمٹایا جائے۔ اجلاس پیر کو کمیٹی کے کنوینئر رانا افضال حسین کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزارت داخلہ کے 1990ء 2000ء اور 2008-09ء کے زیر التواء آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی کے رکن محمود خان اچکزئی نے کہا کہ وزارت داخلہ کے زیر التواء آڈٹ اعتراضات پر سالہاسال سے کوئی پیشرفت نہیں ہو رہی، وصولیوں سے زیادہ اجلاسوں پر اخراجات کئے جا رہے ہیں، ہر اجلاس میں ایک ماہ کا وقت دے کر رپورٹ طلب کی جاتی ہے لیکن پھر اگلا اجلاس ایک سال بعد ہوتا ہے۔ کمیٹی کے کنوینئر رانا افضال حسین نے ہدایت کی کہ تمام آڈٹ اعتراضات تین ماہ میں نمٹائے جائیں۔