خبرنامہ پاکستان

پتوکی: (ن) لیگ کے جلسے میں خاتون کے ساتھ بدتمیزی

پتوکی: (ن) لیگ

پتوکی: (ن) لیگ کے جلسے میں خاتون کے ساتھ بدتمیزی

لاہور:(ملت آن لائن) پتوکی میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے میں خاتون کے بدتمیزی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ پتوکی میں مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر شہباز شریف کے جلسے کے اختتام پر ایک خاتون کے ساتھ کچھ افراد کی جانب سے بدتمیزی کی گئی اور دھکم پیل میں خاتون کو زخم بھی آئے۔ جلسے کے اختتام پر کچھ مرد خواتین کے پنڈال میں گھس گئے اور مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ کی کارکن زیبا رانا کے ساتھ تصاویر بنوانے کے لیے کہا اور اسی دوران ان کے ساتھ بدتمیزی شروع کر دی، متاثرہ خاتون کو جان بچانے کی کوشش میں زخم بھی آئے۔ جلسے میں شریک دیگر خواتین اور مسلم لیگ (ن) کے ورکرز نے بڑی مشکل سے خاتون کو پنڈال سے نکالا۔
شہباز شریف واقعے کا نوٹس لیں، مریم نواز
مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ مریم نواز نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ایسے واقعات مسلم لیگ (ن) کی اخلاقیات نہیں ہیں اور اس واقعے میں ملوث افراد کو سخت سزا ملنی چاہیے۔
ذمہ داروں کو فوری گرفتار کیا جائے، شہباز شریف
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پتوکی جلسےمیں خاتون ورکر سے ناروا سلوک کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او قصور سے رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے تحقیقات کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ خاتون ورکر سے بدتمیزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے فی الفور گرفتار کیا جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ خواتین سے ایسا سلوک کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
خاتون کے ساتھ زیادتی کا مقدمہ درج
پتوکی میں خاتون سےبدتمیزی کرنےوالوں کیخلاف مقدمہ ایس ایچ او تھانہ صدرپتوکی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ پولیس تھانہ صدر پتوکی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا ہے۔ قبل ازیں ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان کا جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جلسے میں خواتین کے لیے بہتر انتظامات کیے گیے تھے لیکن خاتون کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خاتون کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ایسے واقعات پی ٹی آئی جلسوں میں ہوتے تھے، واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے تمام افراد کے خلاف مقدمہ درج ہو گا اور انہیں گرفتار بھی کیا جائے گا۔