خبرنامہ پاکستان

پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تعیناتی کے لیے مزید مہلت طلب

پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تعیناتی کے لیے مزید مہلت طلب

اسلام آباد:(ملت آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) کے پراسیکیوٹر جنرل نیب کی عدم تعیناتی پر عدالت کے استفسار پر حکومت نے پیر تک مہلت مانگ لی۔ سپریم کورٹ میں انتظامی عدالتوں کے غیر فعال ہونے پر سماعت ہوئی۔ اس موقع پر حکومتی وکیل نے پراسیکیوٹر جنرل نیب کی عدم تعیناتی کے معاملے پر پیر تک مہلت مانگ لی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار کا کہنا تھا کہ پراسیکیوٹر جنرل کی تعیناتی کی سمری آج صدر کو بھجوا دیں گے، آئندہ منگل تک سمری منظور ہوجائے گی۔ چیف جسٹس نے جواب دیا کہ آپ کی یقین دہانی کو آرڈر کا حصہ بنا لیتے ہیں۔ انہوں نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو بھی یقین دہانی کروائی کہ ہم یہ لکھ دیں گے آپ کو عہدے سے نہ ہٹایا جائے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پیر تک پراسیکیوٹر تعینات کر کے جان چھڑائیں۔ وفاق، صوبے کہتے ہیں ہائیکورٹس نے نامزدگیاں نہیں بھجوائیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ اٹارنی اور ایڈووکیٹ جنرلز کے نمائندے پیر کو بیٹھ جائیں۔ رجسٹرار کو ججز تعیناتی میں حائل رکاوٹوں سے آگاہ کریں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ رکاوٹ ہماری وجہ سے نہ ہوئی تو حکم جاری کریں گے۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ رجسٹرار آفس میٹنگ کر کے عدالت کو رپورٹ پیش کریں۔
پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تعیناتی کے معاملے پر مزید سماعت پیر تک ملتوی کردی گئی جبکہ غیر فعال ٹربیونلز کے معاملے پر سماعت بدھ تک ملتوی کردی گئی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سماعت پر پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تعیناتی پر اٹارنی جنرل نے ایک ہفتے کی مہلت مانگی تھی۔ اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تقرری ایک ہفتے میں ہوجائے گی۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ احتساب عدالت کی خالی آسامی کے لیے نامزدگیاں نہیں بھجوائیں گئی۔ نامزدگیوں پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے رابطہ کریں گے۔