خبرنامہ پاکستان

پرویز رشید کا استعفیٰ گہرے غور و فکر کا متقاضی ہے۔ سینیٹر سراج الحق

لاہور(آئی این پی ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراطلاعات پرویز رشید کا استعفیٰ گہرے غور و فکر کا متقاضی ہے ۔ اس سے ظاہر ہوتاہے کہ اقتدار کے ایوانوں میں کتنے غیر ذمہ دار لوگ بیٹھے ہیں جس سے ہمارے حساس قومی معاملات بھی داؤ پر لگ چکے ہیں ۔ حکومت کو اپنے معاملات کا خود احتسابی کی نظر سے جائزہ لینا چاہیے ۔ اتنے سنگین الزام پر پرویز رشید کو وزارت سے ہٹانا کوئی سزا نہیں ہے ان کے خلاف قانونی کاروائی ہونی چاہیے ۔ سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ بعض اوقات لوگ دشمن کے عزائم کو پورا کرنے کے لیے کہاں کہاں نقب لگاتے ہیں ۔ اسی طرح پانامہ لیکس اور کرپشن میں ملوث لوگ ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں ان کی اقتدار سے علیحدگی وقت کی ضرورت ہے ۔امید ہے حکومت اس سلسلے میں عوام کو اعتماد میں لے گی اور قانون پر عمل کرے گی ۔