خبرنامہ پاکستان

پرویز مشرف ، پی پی پی اور مسلم لیگ ن بھی آئین کے مطابق مردم شماری کرانے میں ناکام رہے‘ لیاقت بلوچ

لاہور(ملت + آئی این پی) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے پنجاب حکومت کی یہ بڑی ناکامی ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی ادارے فعال نہیں ہوسکے ‘ منتخب نمائندوں کو عوامی نمائندگی کے حق سے محروم رکھنا غیر جمہوری اور آمرانہ روش ہے‘ بلدیاتی ادارے فعال اور بااختیار بنائے جائیں ‘ عوام تعلیم ، صاف پانی ، گندے پانی کی نکاسی ، صحت کی سہولتیں اور روزگارچاہتے ہیں‘ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کرپشن کو فروغ دے رہی ہیں اور عوام کو شہری سہولتیں دینے کے راستے بند کر رہی ہیں ‘جماعت اسلامی کو تمام اقلیتوں پر مکمل اعتماد ہے اور ان کی حب الوطنی ملک و ملت کا اثاثہ ہے ۔گجرات اور کھاریاں میں اقلیتوں خصوصاً مسیحی برادری کے نمائندہ وفد سے ملاقات کی ۔ وفد نے اقلیتوں کے مسائل سے آگہی دی اور کہاکہ مسیحی برادری بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے حکومت ، فوج وار پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ ہے ۔ مسیحی برادری ہمیشہ بھارتی جارحیت کے خلاف سینہ سپر رہی ہے ۔ ہندوستان اقلیتوں پر ظلم کر رہاہے ۔ کشمیریوں کی آزادی اور حق خود ارادیت انسانی اور بنیادی حق ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی کو تمام اقلیتوں پر مکمل اعتماد ہے اور ان کی حب الوطنی ملک و ملت کا اثاثہ ہے ۔ حکومت اس امر کو یقینی بنائے کہ پاکستان میں تمام مذہبی اقلیتوں کی الگ الگ مرد م شماری کرائی جائے ۔ مجوزہ مردم شماری میں اقلیتوں کے اس مطالبہ کو تسلیم کیا جائے ۔یہ ناقابل تردید حقیقت ہے کہ گزشتہ 17 سال سے مردم شماری نہیں ہوئی ۔ پرویز مشرف ، پی پی پی اور مسلم لیگ ن بھی آئین کے مطابق مردم شماری کرانے میں ناکام رہے ۔