خبرنامہ پاکستان

پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست موصول ہونے کے بعد فیصلہ کریں گے: چوہدری نثار

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست موصول ہونے کے بعد فیصلہ کریں گے،پرویز مشرف کو چارٹرڈ طیارے سے بیرون ملک لے جانے پر غور کر رہے ہیں،پٹھان کوٹ حملے میں بھارتی عدالت کے ذریعے وزارت داخلہ کو جوچند شواہد بھیجے گئے انکا جائزہ لے رہے ہیں، شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد تحقیقاتی ٹیم بھارت بھیجیں گے۔وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے کا امکان ہے اور پرویز مشرف کو چارٹرڈ طیارے سے بیرون ملک لے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدرجنرل(ر) پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست تاحال موصول نہیں ہوئی ہے، درخواست موصول ہونے کے بعد پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے یا نہ نکالنے کا فیصلہ کریں گے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پٹھان کوٹ حملہ بھارتی عدالت کے ذریعے وزارت داخلہ کو چند شواہد بھیجے گئے ہیں، بھارت کی جانب سے ملنے والے شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں، شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد تحقیقاتی ٹیم بھارت بھیجیں گے۔(اح)