خبرنامہ پاکستان

پشاور حملہ: حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی شدید الفاظ میں مذمت

پشاور حملہ: حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی شدید الفاظ میں مذمت
اسلام آباد:(ملت آن لائن) پشاور میں ہونیوالے حملے کی حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے حملے میں زخمی ہونیوالوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے فورسز کی بروقت کارروائی کو بھی سراہا اور کہا کہ دہشت کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ وزیرِ اعلی پنجاب شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کوناکام بنایا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے زرعی یونیورسٹی پشاور میں دہشت گردی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے والے جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ سابق صدر آصف زرداری نے حملے میں جاں بحق ہونیوالوں کے ورثا سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگردی سب سے بڑا ناسور ہے جس سے ملک کو بچانا ہے۔ وزیرِ مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے پشاور حملے پر ردعمل میں کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنایا۔ جماعت اسلامی، مسلم لیگ ق اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی پشاور میں ہونیوالے حملے کی مذمت کی۔