خبرنامہ پاکستان

پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار ہوگیا

پنجاب، خیبرپختونخوا

پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار ہوگیا

لاہور:(ملت آن لائن)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، ملتان،جہلم، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور جہلم میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

خیبرپختونخوا میں پشاور، مانسہرہ، بٹگرام، ضلع لوئر دیر، دیر بالا، سوات اور گرد و نواح میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ کوہستان اور تور غر میں بھی بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

بلوچستان میں کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں برسات ہوئی جب کہ نوشکی، چمن اور قریبی پہاڑوں پر بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ہے۔

ضلع نوشکی اور قریبی پہاڑوں پر بارش کے باعث خیصارندی میں سیلابی ریلہ آگیا جس کے بعد شہر کا کلی شریف خان، کلی صاحبزادہ، کلی جمالدینی سمیت مختلف دیہات سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

کشمیر میں وادی نیلم کے اٹھ مقام سمیت شاردہ کیل، بالائی وادی نیلم، پیرنسوڑہ، جند روٹ، نکیال غربی، پیر کلنجر اور ترکنڈی کے گرد و نواح میں بارش اور پہاڑیوں پر برفباری ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد، پنجاب، ژوب، خیبرپختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی اور اندرون سندھ میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جب کہ شہر قائد کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔