خبرنامہ پاکستان

پنجاب اسمبلی:مطیع الرحمان کی پھانسی کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

لاہور:(اے پی پی) بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے امیر مطیع الرحمان کی پھانسی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ اسپیکر رانا محمد اقبال کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو آغاز میں ہی بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے امیرمطیع الرحمان کے لیے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔ جس کے بعد اپوزیشن لیڈر محمودالرشید اور جماعت اسلامی کے رکن ڈاکٹر وسیم اختر کی جانب سے الگ الگ مذمتی قراردادیں بھی پیش کی گئیں۔ قراردادوں کے مطابق بنگلہ دیش میں بھارتی ایما پر پاکستان سے محبت کے جرم میں پھانسیاں دی جارہی ہیں۔ حکومت پاکستان اس معاملے کو عالمی انسانی حقوق کے اداروں اور عالمی برادری کے سامنے اٹھائے۔ قراردادوں میں کہا گیا کہ نام نہاد ٹربیونل پاکستان سے محبت کرنے والوں کو پھانسیاں دے رہاہے۔ حکومت کو فوری طور پر آواز بلند کرنی چاہیے۔ دونوں قراردادوں کو حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔