لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کو متنازعہ بیان دینا مہنگا پڑگیا۔ پارٹی رکنیت معطل ہونے کے بعد اب اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کی قرارداد بھی پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق متنازعہ بیان پر مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کی وضاحتیں کام نہ آئیں۔ رانا مشہود کی پنجاب اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کے لیے قرارداد جمع کروا دی گئی۔
قرارداد تحریک انصاف کی رکن مسرت جمشید چیمہ نے جمع کروائی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ رانا مشہود کا بیان سراسر جھوٹ اور خود فریبی پر مبنی ہے جسے ان کی جماعت نے بھی تسلیم نہیں کیا۔
قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ رانا مشہود احمد کے خلاف پاکستان کے معتبر ادارے سے متعلق بیان پر تادیبی کارروائی کی جائے اور ان کی اسمبلی رکنیت کو معطل کیا جائے۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے کہا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے ہمارے معاملات ٹھیک ہوگئے ہیں، معاملات ٹھیک کروانے میں شہباز شریف نے اہم کردار ادا کیا، اسٹیبشلمنٹ کو شہباز شریف کے وزیر اعظم نہ بننے کا افسوس ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے رانا مشہود کے متنازع بیان کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت معطل کردی تھی۔
بعد ازاں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر رانا مشہود کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا بیان بے بنیاد اور افسوسناک ہے، ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے ملکی استحکام کو نقصان پہنچتا ہے۔