پنجاب بھر کے سکول اساتذہ کیلئے ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم پورٹل کا افتتاح
اساتذہ کی ترقی‘ٹرانسفر‘ ریٹائرمنٹ اور دیگر معاملات ایک کلک پر حل ہو سکیں گے
لاہور: جمعہ 2اگست2019
سیکرٹری سکول ایجوکیشن کیپٹن (ر)محمد محمود نے ارفع ٹیکنالوجی پارک میں اساتذہ کیلئے ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کردیا۔ سسٹم پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کیلئے وضع کیا ہے جس کے تحت 3لاکھ 86ہزار سکول اساتذہ اور 4ہزار سے زائد سکول عملہ ویب پورٹل پر اپنا مکمل پروفائل ڈیٹا اپ لوڈ کرے گا۔سسٹم کے تحت اساتذہ کی کارکردگی کی بنیاد پر ترقی‘ٹرانسفر‘ ریٹائرمنٹ اور دیگر معاملات کا فوری حل ممکن ہو سکے گا اورسکول ایجوکیشن کو ادارہ جاتی فیصلوں کیلئے ایک کلک پر اساتذہ کے مکمل پروفائل تک رسائی حاصل ہو گی۔ پنجاب بھر کے سکول اساتذہ کا تمام ریکارڈ ایک جگہ آن لائن ہونے سے اساتذہ کو مختلف معاملات میں بار بار دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ تمام دستاویزات اور معلومات مرکزی جگہ پر یکجا ہونے سے اساتذہ کا تمام ریکارڈ محفوظ ہو جائے گا اور محکمہ سکول ایجوکیشن کو اساتذہ کے پروفائل کو دیکھنے اور بروقت فیصلوں میں آسانی ہو گی۔اساتذہ و دیگر سٹاف اپنے یوزر نیم اور پاس ورڈ سے 10 اگست تک اس ایڈریس پر اپنا پروفائل اپ لوڈ کر سکتے ہیں
www.sedhr.punjab.gov.pk