خبرنامہ پاکستان

پنجاب حکومت صحت پرکیا اقدامات کر رہی ہے: سپریم کورٹ

پنجاب حکومت صحت پرکیا اقدامات کر رہی ہے: سپریم کورٹ
لاہور:(ملت آن لائن) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں صاف پانی کیس کی سماعت میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے چیف سیکرٹری پر برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ پنجاب حکومت صحت اور تعلیم پر کیا اقدامات کر رہی ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا آپ کو معلوم ہے کہ گھروں میں پینے والے پانی میں آرسینک کی مقدار کتنی ہے، ہسپتالوں، کالجز، اسکولز میں پانی کا کیا معیار ہے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا نجی کالجز بھاری فیسں لے رہے ہیں، بچوں کو پانی کیسا مہیا کیا جا رہا ہے، آپ لوگ صرف خالی جمع خرچ کرتے ہیں اور کچھ نہیں، آپکے اچھے اقدامات کو بھی سراہیں گے۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے چیف سیکرٹری سے استفسار کیا کہ ہم ایک ہفتہ لاہور میں ہی ہیں، آپ اپنی ساری مصروفیات ختم کر کے ہمارے ساتھ رہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا عدالت کو بتایا جائے کہ پنجاب حکومت شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کےلیے کیا کر رہی ہے، ہم نے کراچی میں سہولیات کے لیے بھی اقدامات اٹھوائے ہیں، اب پنجاب کی باری ہے۔ انہوں نے کہا آپ ابھی ہمارے ساتھ پی آئی سی چلیں، وہاں دی جانے والی سہولیات کو دیکھتے ہیں۔