خبرنامہ پاکستان

پنجاب میں بچوں کےاغواءکےواقعات پروفاقی حکومت بھی پریشان، اجلاس طلب

لاہور: (اے پی پی) پنجاب میں بچوں کے اغواء کے واقعات پر وفاقی حکومت بھی پریشان ہے ، وفاقی وزارت انسانی حقوق نے جمعہ کے روز لاہور میں اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیا ۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق کامران مائیکل نے پنجاب میں بچوں کے اغواء کے بڑھتے ہوئے واقعات پر لاہور میں اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا ہے جس میں بچوں کے لئے کام کرنے والوں اداروں کو بھی بلا یا گیا ہے ۔ چائلڈ رائٹس کمیشن ، ہیومن رائٹس کمیشن ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اجلاس میں شریک ہوں گے ۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی نے پنجاب میں بچوں کے اغواء کے واقعات کا نوٹس لیا تھا اور وفاقی وزارت انسانی حقوق کو فوری طورپر ایکشن لینے کے لئے ہدایات جاری کی تھیں ۔ طلب کیے جانے والے اجلاس میں متعلقہ ادارے بچوں کے اغواء کے حوالے سے بریفنگ دیں گے اور وجوہات کا جائزہ لینے کے بعد اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔