خبرنامہ پاکستان

پنجاب کے بعض اداروں سے عدم تعاون کی شکایت ہے، چیئرمین نیب

پنجاب کے بعض اداروں سے عدم تعاون کی شکایت ہے، چیئرمین نیب

لاہور:(ملت آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے پنجاب کے بعض اداروں کی جانب سے عدم تعاون پر شکوے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ روش مناسب نہیں، اسے آئندہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ ‘بیورو کریسی خاص کر پنجاب کے بعض اداروں سے عدم تعاون کی شکایت ہے، اب تک مسکرا کر برداشت کیا، لیکن آئندہ عدم تعاون ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا’۔ انہوں نے کہا کہ ‘عدم تعاون کی روش مناسب نہیں، اسے ختم کریں، آئندہ شکایت ہوئی تو حکومت پنجاب کے تمام افسران کے لیے بڑی مشکل ہوجائے گی’۔ چیئرمین نیب کا مزید کہنا تھا کہ ‘جمہوریت کے خلاف کوئی سازش نہیں ہو رہی، یہ ضروری ہے کہ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ہونے کے بجائے ملک و قوم کا وفادار اور خدمت گزار بنا جائے’۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال کا مزید کہنا ہے کہ نیب کے گواہوں کو ہرحال میں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا اور دباؤ ڈالنے کی کوئی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا، ‘اگر یہ محسوس کیا گیا کہ بااثر ملزمان گواہوں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں تو ان کی ضمانت مسترد کرنے سمیت تمام اقدامات کیے جائیں گے’۔