خبرنامہ پاکستان

پنجاب کے دیہی علاقوں سے عمران خان کو ووٹ ملنا ناممکن ہے، رانا ثنااللہ

پنجاب کے دیہی علاقوں سے عمران خان کو ووٹ ملنا ناممکن ہے، رانا ثنااللہ

لاہور:(ملت آن لائن) وزیرقانون پنجاب راناثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پنجاب کے دیہی علاقوں سے عمران خان کو ووٹ مل جائے یہ ناممکن ہے جب کہ لودھراں جیت نواز شریف کے بیانیے کی جیت ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب راناثنا اللہ کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے فرمایا تھا ہر گاؤں میں ایک بابا رحمتا ہوتا ہے اور جب بابا رحمتا بات کرتا ہے تو بات پورے گاؤں میں پھیل جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے دیہی علاقوں سے عمران خان کو ووٹ مل جائے یہ ناممکن ہے، لودھراں جیت نواز شریف کے بیانیے کی جیت ہے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ترقی مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ ایجنڈے کے کپتان ہیں جب کہ نواز شریف عوام کے ووٹ کا تقدس چاہتے ہیں، پاکستان کی عدلیہ اور ادارے ہمارے لیے باعث عزت ہیں، عدالتی نوٹس کی طرح عوامی نوٹس بھی ہوتا ہے اور جب عوامی نوٹس پر کارروائی ہوتی ہے تو پھر مہلت نہیں ملتی۔
وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ راؤ انوار پر ساڑھے 4 سو لوگوں کے قتل کا الزام ہے، راؤ انوار کو خط لکھنے پر مرضی کا ریلیف دیا جاتا ہے اور آج اس کا انتظار کیا جارہا ہے، اس کے برعکس نواز شریف جو عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں، انہیں اہلیہ کی عیادت کے لیے جانے کی اجازت دینے سے انکار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ناقابل تسخیر بنانا نواز شریف کا جرم ہے، نواز شریف کو 3 بار عوام نے منتخب کیا جب کہ آج بھارت پاکستان کو چھیڑنے سے ڈرتا ہے اس کی وجہ نواز شریف ہیں۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ چند ہزار لوگ باعث عزت ہیں، یہ نظریہ غلط ہے، عزت لینے کے لیے عزت دینا پڑتی ہے جب کہ ہم نے ثابت کیا کہ ہم عزت کے محافظ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن 2018 فری اور شفاف ہونا چاہیے جب کہ چیف جسٹس پاکستان نے قوم کو امید دلائی ہے کہ الیکشن شفاف ہوگا۔