خبرنامہ پاکستان

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش،کراچی میں آج بھی بادل برسیں گے

پنجاب کے مختلف شہروں میں تیسرے روز بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں رات بھر بارش سے لیسکو کے ستر فیڈر ٹرپ کرگئے، گلبرگ سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی، جب کہ کراچی میں آج بھی بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

لاہور، اوکاڑہ، چشتیاں،گجرات،پنڈی بھٹیاں، پاک پتن اور قصور میں بارش کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری ہے، جہاں موسم مزید خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کاسلسلہ آج دن بھر جاری رہے گا۔

لاہور شہر میں 7 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں رات بھر بارش سے لیسکو کے ستر فیڈر ٹرپ کرگئے۔ بارش کے بعد حسب روایت مختلف علاقوں وینس ہاوسنگ اسکیم، بینک اسٹاپ، چونگی امرسدھو، گلبرگ اور دیگر علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔ لیسکو کی جانب سے بجلی کی بحالی کیلئے کئی گھنٹوں کام جاری رہا، تاہم کچھ علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی۔

دوسری جانب عمر کوٹ اور گردونواح میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار اور گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔ کنری، نبی سرتھر،چھور، سامارو ، چیل بند اور دیگر شہروں میں بارش ہونے سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ سندھ کے دیگر شہروں حیدرآباد، ٹھٹھہ اور میرپورخاص میں بھی محکمہ موسمیات نے بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے شہروں ژوب اور قلات میں بھی آج بارش ہوسکتی ہے۔

پیاسے تھر پر گزشتہ روز کی بارش کے بعد ہر سو خوشیاں بکھرگئیں۔ موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا۔ عمر کوٹ میں لوگ صبح سویرے پارکوں میں نکل آئے۔ کاشت کاراس سال بہتر فصل کے لئے بھی پرامید ہیں۔

بلتستان ڈویژن میں بارشوں کے باعث سیاحوں کی سرگرمیاں محدود ہوگئی ہیں، جب کہ کوہ پیماؤں نے بھی مہم جوئی موسم صاف ہونے تک معطل کر دی ہے۔