خبرنامہ پاکستان

پندرہ ستمبرکےبعد دکھائیں گےکہ پیپلزپارٹی کیا ہے، خورشید

خیرپور:(آئی این پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ 15 ستمبر کے بعد دکھائیں گے کہ پیپلز پارٹی کیا ہے اور عوام کس کے ساتھ ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ملک میں اربوں روپے کی کرپشن کی جارہی ہے، جس سے ملکی معیشت کو نقصان ہورہا ہے، طاہرالقادری کے پیش کردہ دستاویزات بالکل درست ہیں، اگر کوئی انہیں غلط کہتا ہے تو سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کرے۔ ہم نے بھی پاناما لیکس پر دستاویزات دیے ہیں لیکن ہم سڑکوں پر نہیں آرہے بلکہ لوگوں سے رابطہ کررہے ہیں۔ جلد پی پنجاب میں اپنی پوزیشن بحال کرلیں گے۔ 15 ستمبر کے بعد دکھائیں گے کہ پیپلز پارٹی کیا ہے اور عید کے بعد دکھائیں گے لوگ کس کے ساتھ ہیں۔ قائد حزب اختلاف کا کہنا تھاکہ پیپلز پارٹی کے 5 سالہ دور حکومت میں ملازمت پیشہ طبقے کی تنخواہیں بڑھائی گئیں، ہمارے دور میں ملک کا کسان خوشحال تھا، ہم نے زراعت پر سیل ٹیکس ختم کردیا تھا لیکن اب کسان سڑکوں پر آگئے ہیں اور غریب طبقہ مزیدغریب ہورہا ہے، موجودہ حکومت نے بجلی ہمارے دور سے زیادہ مہنگی کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ عہدوں کے پیچھے نہیں جاتے بلکہ عہدے ان کے پیچھے چلتے ہیں، وہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہیں، پیپلز پارٹی سندھ کی صدارت لے کر آدھا تیتر آدھا بٹیر نہیں بن سکتے۔