خبرنامہ پاکستان

پورٹ قاسم کول پاور پلانٹ یونٹ ون کا افتتاح

پورٹ قاسم کول پاور پلانٹ یونٹ ون کا افتتاح
کراچی:(ملت آن لائن) تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پورٹ قاسم سی پیک کا اہم منصوبہ اور پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، تقریب میں قطری شہزادے کی خصوصی شرکت پر شکرگزار ہیں، مزید توانائی منصوبے اور ایل این جی ٹرمینل بھی تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پورٹ قاسم منصوبے کا سنگِ بنیاد 2015ء میں رکھا گیا تھا، 2 بلین ڈالر کا یہ منصوبہ 30 ماہ میں مکمل کیا گیا جو سی پیک کے تحت مکمل ہونیوالا پہلا منصوبہ اور پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاور پلانٹ کراچی میں سستی بجلی پیدا کر رہا ہے اور ماحولیاتی حوالے سے بھی سازگار ہے، 660 میگاواٹ کے بجلی کے اس پیداواری یونٹ کا افتتاح خوش آئند ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سی پیک سے معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، 2013ء میں 16، 16 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا سامنا تھا، آج پاکستان اضافی بجلی پیدا کرنے کے قابل ہو گیا ہے، نیپرا نے بجلی کی قیمت میں صارفین کیلئے فی یونٹ 2 روپے کی کمی کی۔ وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں، آئندہ الیکشن 2018ء میں ہی ہوں گے۔