خبرنامہ پاکستان

لاہور کے علاقے شادمان میں پولیس مقابلے میں 4 ڈاکو ہلاک

لاہور(ملت آن لائن)شادمان کالونی کے ایک گھر میں گھسنے والے 4 ڈاکو پولیس مقابلے میں مارے گئے۔سیکیورٹی گارڈ اور ڈاکوؤں کے درمیان کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

لاہور کے پوش علاقے شادمان کالونی میں سفید کرولا گاڑی میں سوار 4 ڈاکو ایک گھر میں داخل ہوئے اور لوٹ مار کے بعد فرار ہونے لگے تو گھر کے باہر موجود سیکیورٹی گارڈ نے ان پر فائرنگ کردی جس کے بعد چاروں ڈاکو دوبارہ گھر میں گھس گئے اور اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا۔

سیکیورٹی گارڈ اور ڈاکوؤں کے درمیان کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا اور اس دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی، بعدازاں ایلیٹ کمانڈوز اور سی آئی اے کے اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کر کے آپریشن شروع کر دیا، ڈاکوؤں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تقریباً 3 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا اور بالآخر چاروں ڈاکو مارے گئے۔
Advertisement

ایس پی سی آئی اے طارق مستوئی نے بھی چاروں ڈاکوؤں کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکوؤں کی گاڑی سے اسلحہ بھی برآمد ہوا اور آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے عبداللہ نامی نوجوان زخمی ہوا جسے طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم پولیس کی جانب سے علاقے میں مزید تلاشی کا عمل جاری ہے۔