خبرنامہ پاکستان

پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ میں دہشتگرد حملہ انتہائی ظالمانہ اور بہیمانہ ہے: زرداری

اسلام آباد(ملت + آئی این پی)سابق صدرِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ میں دہشتگردوں کی جانب سے حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی قابلِ نفرت ، ظالمانہ اور بہیمانہ قرار دیا ۔ انھوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ اس قسم کے حملے قوم کے اس عزم کو کمزور نہیں کر سکتے کہ دہشتگردی اور فرقہ واریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ انھوں نے اس حملے کی تحقیقات کے بعد ذمہ داروں بشمول ان کے حمایتیوں اور اور مالی مدد کرنے والوں کو کڑی سے کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ سابق صدر نے کہا کہ اس واقعے جس میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہو گئے کے بعد نیشنل ایکشن پلان پراس کی روح کے مطابق عملدرآمد انتہائی ضروری ہو گیا ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ مذہب کے نام پر ملک کے اندر یا ملک سے باہر تشدد کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انھوں نے ان دہشتگردوں کے خلاف بلا تفریق قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا۔ آصف علی زرداری نے شہداء کے اعلیٰ درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔