خبرنامہ پاکستان

پولیو کا مرض اپنے خاتمے کے قریب ہے: وزیر اعظم

پولیو کا مرض اپنے خاتمے کے قریب ہے: وزیر اعظم

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک میں پولیو کا مرض اپنے خاتمے کے قریب ہے، جلد چھٹکارا پالیں گے۔ ملک میں صحت پروگرام کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے صحت سے متعلق تقریب سے خطاب کیا اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ عوام کو صحت کی اعلیٰ معیار کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ صحت کی سہولتوں کی فراہمی صوبوں کی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 5 سال میں صحت سہولتیں بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ پولیو کا مرض اپنے خاتمے کے قریب ہے، جلد اس مرض سے چھٹکارا پالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں صحت پروگرام کا دائرہ کار وسیع کردیا ہے۔ صحت پروگرام کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں پولیو کے خاتمے کے لیے بھرپور اور مؤثر کوششیں کی جارہی ہیں۔ سنہ 2016 میں ملک میں پولیو کے 20 جبکہ اس کے مقابلے میں 2017 میں صرف 8 کیسز رپورٹ کیے گئے۔
سال 2018 میں اب تک صوبہ بلوچستان سے ایک پولیو کا کیس منظر عام پر آیا ہے۔
پولیو کے خلاف جنگ میں برسر پیکار بل و میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ بل گیٹس نے بھی انسداد پولیو جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کیا ہے۔ بل گیٹس نے کچھ عرصہ قبل وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ کو خط لکھا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو جنگ میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔ پولیس کی روک تھام کے لیے حکومت نے لاجواب اقدامات کیے ہیں۔