خبرنامہ پاکستان

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے، لاہور چیمبر کا مطالبہ

لاہور۔12 جون(اے پی پی ) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کر دیا، لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات صنعتوں کا اہم خام مال ہیں جو پہلے ہی مشکلات سے دوچار اور عالمی منڈی میں جگہ بنانے کیلئے تگ و دو کررہی ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت غیر پیداواری اخراجات میں کمی لائے، لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان کی نشوونما کا دارومدار زرعی شعبے پر ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے زرعی شعبے کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہوجائیگا اور تھرمل پاور جنریشن کی لاگت بھی بڑھ جائیگی جس سے صنعتی شعبے کو بہت نقصان ہوگا، لاہور چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں نے کہا کہ نہ صرف اشیاء کی نقل و حمل مہنگی ہوجائیگی بلکہ عوامی ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی بڑھ جائیں گے جس سے عام لوگ بہت بُری طرح متاثر ہونگے، انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی ہرگز اجازت نہیں دیتے لہذا حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔