خبرنامہ پاکستان

پٹھانکوٹ ائیربیس حملے میں پاکستان کے لوگ ملوث تھے: جنرل کے جے سنگھ

پٹھانکوٹ (آئی این پی ) بھارتی فوج کی مغربی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل کے جے سنگھ نے الزام عائد کیا ہے کہ پٹھانکوٹ ائیربیس پردہشتگرد حملے میں پاکستان کے لوگ ملوث تھے ،حملے میں پاکستانی ریاستی ایجنسیوں کے ملوث ہونے کے بارے میں تحقیقات کی ضرورت ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے انکا کہنا تھاکہ حملے کی جگہ سے جوتے ،کھانے کے پیکٹ اور جیش محمد کا تحریری نوٹ بھی ملا ہے اس حملے میں پاکستان لوگ مکمل طور پر ملوث ہیں اس بارے میں ابھی تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے کہ حملے میں پاکستانی ریاستی ایجنسیاں بھی ملوث تھیں یا نہیں۔ہم سب اس جنگ میں متحد ہیں اگر ہم سب چوکس رہیں گے تو ہماری قوم پر کوئی بھی دہشتگرد حملہ نہیں کرسکتا،حملے کی تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہیں،مجھے یقین ہے کہ ایجنسیاں اس مسئلے کو اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کریں گی ۔سنگھ نے مزید کہا کہ پاکستان کو اچھے اور برے دہشتگردوں کی درجہ بندی نہیں کرنی چاہیے بلکہ ان سب کے خلاف بے رحمانہ کاروائی کی جانی چاہیے۔انکا کہنا تھاکہ پٹھانکوٹ حملے کے ثبوت فراہم کرنے کے بعد پاکستان کو اس پر کاروائی کرنی چاہیے اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات فروغ پائیں گے ۔