خبرنامہ پاکستان

پہلے بھی بڑی جماعتوں سے لوگ نکلتے رہے اور پارٹیاں بناتے رہے ہیں:طلال چوہدری

اسلام آباد ۔(اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال احمد چوہدری نے کہا ہے کہ مصطفی کمال کی طرف سے پارٹی جھنڈے کے طور پر قومی پرچم کو استعمال کرنے سے متعلق قانونی تقاضوں کا جائزہ لینا ہو گا، اس حوالے سے حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا، پہلے بھی بڑی جماعتوں سے لوگ نکلتے رہے اور پارٹیاں بناتے رہے ہیں، مصطفی کمال کی بغاوت غیر معمولی بات ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ طلال احمد چوہدری نے کہا کہ مصطفی کمال نے جو علم بغاوت بلند کیا ہے اس سے سیاسی ماحول میں کوئی زیادہ ہلچل اس لئے نہیں آئے گی کہ بڑی پارٹیوں کے ساتھ اس طرح کے حالات پیش آ چکے ہیں۔ الطاف حسین کے بارے انہوں نے جوبراہ راست الزامات لگائے ہیں اس سلسلہ میں عوام میں کیا ردعمل سامنے آتا ہے، ان کے نکتہ نظر کو کتنی پذیرائی ملے گی، یہ دیکھنا ابھی باقی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال نے اپنی پریس کانفرنس میں الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے ’’را‘‘ سے تعلقات کے بارے میں سنگین الزامات لگائے ہیں لیکن قانون کو حرکت میں آنے کے لئے ٹھوس شواہد درکار ہیں۔ مصطفی کمال اب الزامات سے نکل کر آگے آئیں اور شواہد فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی چند دن لگیں گے تب پتہ چلے گا کہ کراچی میں ایم کیو ایم اس بغاوت کا کہاں تک اثر لیتی ہے اور کیا ردعمل سامنے آتا ہے۔