خبرنامہ پاکستان

پہلے ہی کہا تھا پپو پانچوں پیپرز میں فیل ہوگا، شیخ رشید

اسلام آباد(ملت آن لائن)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پہلے ہی کہا تھا پپو پانچوں پیپرز میں فیل ہوگا اور قربانی سے پہلے ہی قربانی ہوگئی۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور پاناما کیس کے درخواست گزار شیخ رشید نے عدالتی فیصلے پر اپنے رد عمل کا اظہار ٹوئٹر پر کیا۔

شیخ رشید کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ پاکستان جیت گیا اور پہلے ہی کہا تھا پپو پانچوں پیپرز میں فیل ہوگا۔

ایک اور ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ قربانی سے پہلے قربانی ہوگئی، اللہ کا شکر ہے کہ اس ملک میں طاقتور کا کڑا احتساب ہوا، جس نے بھی اس ملک کو لوٹا ہے وہ انجام کو پہنچے۔

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’’میں پپوں کی نالائقی سے واقف تھا‘‘۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا ثبوت نکلیں گے اور تابوت بھی نکلیں گے، پاناما کیس کے فیصلے کے بعد صدر ممنون سے درخواست کرتا ہوں کہ نوٹی فکیشن جاری ہوتے ہی نئے قائد ایوان کے لیے اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں ایسی بے ایمان جماعتیں ہیں جنہوں نے ٹائٹل اپوزیشن کا لگایا لیکن اندر سے نوازشریف سے ملی ہوئی تھیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے ججوں کو اربوں روپے کی پیشکش کی لیکن ججوں نے اس پیسے پر تھوکا تک نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کہتے تھے کہ نوازشریف نہیں ہوگا لیکن سارا ٹبر ہی چور نکلا، ان لوگوں نے جتنی بھی دستاویزات دیں سب جعلی تھیں جب کہ نوازشریف نے اسمبلی میں بھی جھوٹ بولا۔ شیخ رشید نے کہا کہ کہا تھا قربانی سے پہلے قربانی ہوئی بس سال آگے پیچھے ہوگیا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کے فیصلے میں نواز شریف کو نا اہل قرار دے دیا ہے جس کے فوری بعد نواز شریف عہدے سے سبکدوش ہوگئے ہیں اور کابینہ بھی تحلیل کردی گئی ہے۔