خبرنامہ پاکستان

پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف نے حکومتی کمیشن کے ٹی او آرزکومسترد کردیا

اسلام آباد:(آئی این پی) پاناما لیکس تنازع پر تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے اثاثوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ اخلاقی طور پر نواز شریف انتہائی کمزور پوزیشن پر ہیں اور سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ جلسے پی ٹی آئی کے خلاف کریں گے یا اپنے خلاف ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا جوڈیشل کمیشن کیلئے حکومتی ٹی او آرز تسلیم نہیں 47 سے احتساب شروع ہوا تو 100 سال میں مکمل ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا جوڈیشل کمیشن کیلئے حکومتی خط بے مقصد ہے اور اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے اسے مسترد کر دیا۔ خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا 2 مئی کو اپوزیشن کا مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں گے۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا اگر حکومت بااختیار کمیشن بنانا چاہتی ہے تو اپوزیش سے مشاورت کرنی چاہئیے۔ پیپلز پارٹی اور ہمارے موقف میں یکسانیت ہے حکومتی لوگ تفریق پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ پاناما لیکس پر ہماری جدوجہد ایک ہے اور بلاول سے ڈائریکٹ نہیں کسی دوست کے ذریعے میرے جذبات اُن تک پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا آئندہ میٹنگ میں ٹی او آرز کو مسترد کرنے والی جماعتیں مل بیٹھ کر فیصلہ کریں گی۔ پاناما لیکس پر سندھ کے عوام بھی مضطرب ہے اور امید ہے سندھ کے لوگ پیچھے نہیں رہیں گے کیونکہ سندھ کے عوام نے ہر جمہوری تحریک میں بھر پور حصہ لیا ہے۔