خبرنامہ پاکستان

پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کا قومی اسمبلی اجلاس میں پانامہ لیکس کا معاملہ بھرپورطریقے سے اٹھانے پراتفاق

اسلام آباد (آئی این پی) حزب اختلاف کی دونوں بڑی جماعتوں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے قومی اسمبلی اجلاس میں پانامہ لیکس کا معاملہ بھرپور طریقے سے اٹھانے پر اتفاق کیا ہے، قائد حزب اختلاف سیدخورشید شاہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس پانامہ لیکس سے متعلق مختلف آپشنز موجود ہیں۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے ملاقات کی جس میں پانامہ لیکس کا معاملہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھرپور طریقے سے اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اس معاملے کو اٹھانا پہلا آپشن ہے، پانامہ لیکس کے معاملے پر سپریم کورٹ سے بھی رجوع کر سکتے ہیں، عوام کی عدالت کو تیسرے اور آخری آپشن کے طور پر استعمال کریں گے، دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی پانامہ لیکس کے معاملے پر ایک ہی موقف رکھتی ہیں، آف شور کمپنیوں پر پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور جماعت اسلامی کا موقف یکساں ہے، اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی بنا رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں پانامہ لیکس کا معاملہ بھرپور طریقے سے اٹھائیں گے، اپوزیشن کے پاس پانامہ لیکس کے معاملے پر مختلف آپشنز موجود ہیں۔(اح)