خبرنامہ پاکستان

پیپلزپارٹی آج میرپورمیں طاقت کا مظاہرہ کرے گی

آزاد کشمیر(آئی این پی ) پاکستان پیپلز پارٹی آج میر پور آزاد کشمیر میں سیاسی پاور کا مظاہرہ کرے گی ۔ بلاول بھٹو کا قافلہ میرپور کی جانب رواں دواں ہے ، ان کا کہنا ہے کہ ظلم کے خلاف سب کو میدان میں آنا ہوگا ، جلسے میں میوزک کا تڑکا لگانے ڈی جے بٹ بھی پہنچ گئے ۔ میرپور میں پیپلز پارٹی آج سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی ۔ جلسے کی تیاریاں مکمل ، بلاول بھٹو کا قافلہ بھی منزل کی جانب رواں دواں ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی اسلام آباد سے قافلے کی صورت میں نکلے ، اُن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ، قافلہ راولپنڈی کے ٹی چوک پہنچا جہاں بلاول بھٹو نے کارکنوں سے خطاب کیا ۔ اسلام آباد سے بھی جیالے مختلف ٹولیوں کی شکل میں ڈھول کے تھاپ پر روانہ ہوئے ۔ پیپلزپارٹی کی جیالیاں بھی کسی سے پیچھے نہیں ، انہوں نے بھی میرپور جانے کی بھرپور تیاری کی ۔ خواتین کا کہنا ہے کہ وہ جلسے میں جاکر بلاول کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گی اور ان کی ہمت بڑھائیں گی ۔ میرپور میں جلسے کیلئے ڈی جے بٹ بھی اپنے ساؤنڈ سسٹم کے ساتھ جیالوں کا لہو گرمانے پہنچ گئے اور نئے گانے بھی تیار کرلئے ۔ میرپور کے جلسہ گاہ میں 80 فٹ لمبا اور 24 فٹ چوڑا سٹیج تیارکیا گیا ہے ۔ سٹیڈیم کے چاروں طرف پارٹی چیئرمین کی تصاویر اور بورڈز لگائے گئے ہیں ۔ شہر بھی پارٹی پرچموں سے سجا ہوا ہے ۔