خبرنامہ پاکستان

پیپلز پارٹی حلقہ بندیوں کے بل کی منظوری پر آمادہ

پیپلز پارٹی حلقہ بندیوں کے بل کی منظوری پر آمادہ
اسلام آباد:(ملت آن لائن) حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں، حلقہ بندیوں کیلئے آئین میں ترمیم کا بل آج سینیٹ میں پیش کیا جائیگا، فریقین میں معاملات طے کرانے میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کردار ادا کیا ہے۔ پیپلزپارٹی نے شرط رکھی ہے کہ مردم شماری کے حتمی نتائج پر دوبارہ بل لایا جائے، اس سلسلہ میں نیا بل پیپلزپارٹی لائے گی، سپیکر ایازصادق اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے درمیان خفیہ رابطے جاری تھے، بیک ڈور ڈپلومیسی کے تحت سپیکر نے پیپلزپارٹی کو آئینی ترمیم کی حمایت کیلئے آمادہ کیا ہے، حکومت کی طرف سے آج ایوان بالا میں بل پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ اس صورتحال میں اپوزیشن جماعت پیپلزپارٹی حکومتی بل کی حمایت کرے گی۔ پیپلزپارٹی نے مشروط رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ چونکہ مردم شماری کے نتائج حتمی طور پر سامنے نہیں آئے اس لئے وہ عارضی نتائج پر وقتی طور پر بل کی حمایت کررہے ہیں ضرورت پڑی تو اس میں ترمیم کیلئے پیپلزپارٹی بل لائے گی جس کی حکومت حمایت کرنے کی پابند ہو گی۔ بل کی منظوری کی صورت میں پنجاب میں قومی اسمبلی کی مجموعی طور پر 9 سیٹیں کم ہو جائیں گی جبکہ بلوچستان کی سیٹوں میں 3، خیبرپختونخوا کی سیٹوں میں 5 اور وفاقی دارالحکومت کی سیٹوں میں ایک کا اضافہ ہو گا، اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی 3 سیٹیں ہو جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق حلقہ بندیوں کی صورت میں جنوبی پنجاب کو فائدہ ہو گا، 2 سے 3 سیٹیں بڑھ سکتی ہیں جبکہ لاہور شیخوپورہ سے ایک ایک سیٹ کم ہو جائے گی۔ ذرائع کے مطابق سینیٹ اجلاس سے قبل بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹ کی زیرصدارت منعقد ہو گا جس میں بل کی حمایت کا معاملہ باقاعدہ طور پر طے کرلیا جائے گا، اجلاس میں لیڈر آف دی ہائوس راجہ ظفرالحق، اپوزیشن لیڈر چودھری اعتزاز احسن سمیت تمام پارلیمانی پارٹیوں کے رہنما شریک ہونگے۔