خبرنامہ پاکستان

پیپلز پارٹی نے وزیر داخلہ کے استعفے کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) سانحہ کوئٹہ پر عدالتی کمیشن کی رپورٹ کے بعد وزیر داخلہ پر پیپلز پارٹی کے تابڑ توڑ حملے جاری ہیں۔ پی پی پی نے رپورٹ کو وزیر داخلہ کے خلاف چارج شیٹ قرار دے دیا اور ان کے فوری استعفے کا مطالبہ بھی کر دیا۔ سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ میں وزیر داخلہ سنگین غفلت کے مرتکب قرار پائے گئے، رپورٹ حکومت بالخصوص وزیر داخلہ کیلئے شرمندگی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ وزارت داخلہ کی کارکردگی اور خود وزیر داخلہ کے خلاف کھلی چارج شیٹ اور ایف آئی آر ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر داخلہ کی کالعدم تنظیم کے سربراہ سے ملاقاتیں ہوتی رہیں، کالعدم تنظیموں کو اسلام آباد میں جلسے کرنے کی اجازت دی گئی۔ انکوائری رپورٹ میں چودھری نثار جوکر دکھائی دیتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے اپنے بیان میں وزیر داخلہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ نے پیپلز پارٹی کے مؤقف کی صداقت پر مہرتصدیق ثبت کر دی، وزیر داخلہ کا یہی رویہ رہا تو آپریشن ضرب عضب کی کامیابیاں ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔